خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے انڈونیشیا کی نائب وزیر تجارت کی ملاقات،خواتین کی بااختیاری، پائیدار ترقی پر گفتگو

News Image

کراچی:رکن قومی اسمبلی خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے انڈونیشیا کی نائب وزیر تجارت ڈیا رو رو ایسٹی وڈیا نے ملاقات کی اور پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا، جس میں خواتین کی بااختیاری، ماحولیاتی تحفظ، سماجی بہبود، پائیدار ترقی اور عوامی رابطوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے سماٹرا میں حالیہ لینڈ سلائیڈز اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

نائب وزیر تجارت کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ تعلقات کاعکاس ہے ۔

سندھ میں 2022 کے سیلابوں کے غیرمعمولی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے خاتون اول نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور وژن کے تحت حکومت سندھ نے دو ملین سے زائد ماحولیاتی تحفظ والی رہائش گاہیں تعمیر کی ہیں، جو عالمی ریکارڈ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان گھروں کے ”زمین کی ملکیت خواتین سربراہان ” کے نام منتقل کی گئی ہیں ، جو خواتین کی بااختیاری، اقتصادی تحفظ اور سماجی وقار کو مضبوط کرنے کا تاریخی اقدام ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے سندھ کی کامیاب ”پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل” کو بھی اجاگر کیا، جس کے ذریعے حکومت سندھ نے صحت، تعلیم، قابل تجدید توانائی اور انفراسٹرکچر میں پائیدار اور قابل توسیع منصوبے مکمل کیے، جس سے سروس کی فراہمی مضبوط اور مالی و ماحولیاتی استحکام یقینی بنایا گیا۔

علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے خاتون اول نے غزہ بحران پر انڈونیشیا کے صدر پربوو سبیانتو کے اصولی موقف کو سراہا اور فلسطینی عوام کے جائز حق خود ارادیت اور دو ریاستی حل کی حمایت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ غزہ کی تعمیر نو اور آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام میں مدد فراہم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس ہوگا۔

ماحولیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج پر بات کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ کمزور اور پسماندہ کمیونٹیز شدید موسمی حالات کا زیادہ شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ماحولیاتی تحفظ والی رہائش” خاص طور پر کم آمدنی والے طبقے کے لیے اہم ہے تاکہ آفات سے تحفظ، بحالی اور طویل مدتی پائیداری ممکن ہو سکے۔

انڈونیشیا کی نائب وزیر نے سندھ کے وسیع پیمانے پر ماحولیاتی تحفظ والی رہائش کے تجربے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اس شعبے میں منظم تعاون کے امکانات پر بات کی۔ انہوں نے انڈونیشیا کی جانب سے پام آئل پلانٹیشن، خوردنی تیل کی پیداوار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کی دلچسپی بھی ظاہر کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے باہمی بات چیت، سمجھ بوجھ اور عملی تعاون کے ذریعے پاکستان-انڈونیشیا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

DATE . Jan/11/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top