
اسلام آباد: خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر خاتونِ اوّل اور رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کی خواتین خوف یا خاموشی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام خواتین اور بچیوں کی عزت، حقوق اور تحفظ کے لیے اپنے عزم کو دہراتا ہے۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اس مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سزا سے بچ نکلنے کی ثقافت کو توڑنا اختیاری نہیں بلکہ انصاف کے لیے ناگزیر ہے۔
خاتونِ اوّل نے زیادہ مؤثر قوانین، ان پر سختی سے عمل درآمد، متاثرہ خواتین کے لیے معاونت کے بہتر نظام اور ہر سطح پر جوابدہی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تعصب کے بجائے احترام، خاموشی کے بجائے ہمت اور بے حسی کے بجائے جوابدہی کا انتخاب کرنا ہوگا۔
پاکستان کی تمام خواتین اور بچیوں کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آپ کی آواز اہم ہے، آپ کا تحفظ اہم ہے اور آپ کے خواب اہم ہیں۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے آئندہ نسلوں کے لیے زیادہ محفوظ اور مساوی معاشرہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو پاکستان اپنی خواتین کی حفاظت کرتا ہے، وہی حقیقی معنوں میں ترقی کرتا ہے۔ خاتونِ اوّل نے تمام شہریوں، اداروں اور کمیونٹیز سے اپیل کی کہ وہ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں تاکہ ہر عورت اور بچی خوف سے آزاد اور مواقع سے بھرپور زندگی گزار سکے۔
DATE . Nov/26/2025


