
ڈیرہ غازی خان – وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “دھی رانی پروگرام” کے تحت ضلع ڈیرہ غازی خان میں 71 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری سردار اسامہ فیاض لغاری، کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، اراکین اسمبلی محمد حنیف پتافی، سردار صلاح الدین خان کھوسہ، انتظامی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ہر جوڑے کو نئی زندگی کے آغاز پر دو لاکھ روپے سے زائد مالیت کا فرنیچر، ڈنر سیٹ سمیت 13 سے زائد گھریلو اشیاء بطور تحفہ دی گئیں جبکہ ایک لاکھ روپے تک کی نقد سلامی اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے فراہم کی گئی۔ تقریب میں سرائیکی جھومر کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام ایک انقلابی قدم ہے جو پنجاب کی بیٹیوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں مزید پانچ پانچ ہزار مستحق جوڑوں کی شادیاں کروائی جائیں گی
DATE . Apr/13/2025