
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات کے تحت رائیونڈ شہر میں سالانہ تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی سہولت کے لیے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام برق رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے۔ لاہور ہائی وے ڈیژن نے وزیراعلیٰ کے احکامات پر رائیونڈ کے روڈز پر پیچ ورک اور دیگر مرمت کے کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کر لیا۔
اس منصوبے میں 5 ارب 68 کروڑ روپے کی لاگت سے رائیونڈ کی 70 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے 13 پراجیکٹس کی تکمیل کی گئی۔ ان اقدامات سے سالانہ تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے لاکھوں افراد کے لیے آمدورفت میں آسانی پیدا ہوئی ہے جبکہ مقامی آبادی بھی مستفید ہوگی۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے بتایا کہ “شفاف ٹینڈرنگ کی بدولت ہم نے 60 کروڑ روپے کی بچت کی ہے”۔ رائیونڈ کی اہم سڑکوں پر پیچ ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور تمام گڑھوں کو پُر کر دیا گیا ہے۔ روڈز کی سائیڈوں کو بھی پختہ اور مرمت کیا گیا ہے، جس سے شہر اور گردو نواح کے علاقے صاف و ستھرے نظر آنے لگے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر رائیونڈ میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ان 13 پراجیکٹس سے “تبلیغی اجتماع کے شرکاء کو آمدورفت امیں آسانی ور سہولت فراہم ہو گی”، ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے کہا کہ یہ منصوبے وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں رائیونڈ کے عوام اور اجتماع کے شرکاء کے لیے ایک اہم قدم ہیں، جس سے نہ صرف ہموار ٹریفک کی سہولت فراہم کی گئی ہے بلکہ علاقے کے انفرا اسٹرکچر میں بھی بہتری آئی ہے۔
DATE . Oct/28/2025


