راولپنڈی میں دھی رانی پروگرام فیز 2 کا آغاز، 97 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب

راولپنڈی: پنجاب حکومت کے “دھی رانی پروگرام فیز 2” کا راولپنڈی میں باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر 97 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں صوبائی وزرا سہیل شوکت بٹ اور بلال اکبر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب سمیت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔دھی رانی پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کا تعلق راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری سے ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ہر نئے جوڑے کو ایک لاکھ روپے سلامی اور فرنیچر کی خریداری کے لیے مزید ایک لاکھ بیس ہزار روپے بینک کے ذریعے فراہم کیے جا رہے ہیں۔تقریب میں دو ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی اور دعاؤں اور نیک خواہشات کے ساتھ جوڑوں کی رخصتی عمل میں آئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت دھی رانی پروگرام فیز 2 کا آغاز ہو چکا ہے، جو سماجی ناہمواریوں کے خاتمے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے بڑے پیمانے پر اجتماعی شادیوں کا فلاحی پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ان کا کہنا تھا کہ دھی رانی پروگرام سے نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے خاندان بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ یہ پروگرام تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک سال کے اندر ریکارڈ فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا پروگرام، ہونہار طلبہ کے لیے اسکالرشپس، لیپ ٹاپ اسکیم، کسانوں کی خوشحالی کے منصوبے، ہمت کارڈ، صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات، اور مینارٹی کارڈ و دیگر اسکیمز مریم نواز شریف کی عوام دوستی کا ثبوت ہیں۔بلال اکبر خان نے بتایا کہ ایک سال میں پنجاب میں 8 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کی گئی ہے۔ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی بے مثال کارکردگی سے مخالفین کو جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا ویژن ہے اور وزیراعظم نے بھی بجلی سستی کر کے عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا ہے۔

Date . Apr/22/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top