
اسلام آباد:شفاء انٹرنیشنل ہسپتال لمیٹڈ کے حکام نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 22 سے 24 جولائی تک تین فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا جن میں بچوں، خواتین اور مردوں سمیت تقریباً 1000 سیلاب متاثرین کا مفت علاج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو ہیلتھ اسیسمنٹ، سپیشلسٹ ڈاکٹروں سے چیک اپ اور ادویات فراہم کی گئیں۔
یہ کیمپس راولپنڈی کی فوجی کالونی، نیو چاکرہ اور چکری کے ایریا میں لگائے گئے۔ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم میں امراض اطفال، میڈیکل سپیشلسٹ اور ایمرجنسی کے ڈاکٹرز شامل تھے۔ کیمپ کو کامیاب بنانے کے لئے نرسنگ، فارمیسی اور دیگر عملے نے بھی خدمات انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کیمپس کا مقصد سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی بیماریوں جیسے کہ پانی سے پھیلنے والی بیماریاں، سانس، جلد اور آنکھوں کے انفیکشنز اور دیگر فوری نوعیت کی طبی کیفیات کا علاج مہیا کرنا تھا۔ مقامی لوگوں نے شفاء کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے حکام نے کہا کہ شفاء مشکل وقت میں انسانیت کے جذبے سے خدمت جاری رکھے گا اور اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے عوام کی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کی ٹیم آئندہ دنوں میں بھی سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھنے کے لئے پر عزم ہے اور ہنگامی حالات میں فوری ریلیف فراہم کرنے کے ہر لمحہ تیار ہے۔
DATE . July/25/2025