روانڈا کی کافی نے ہمیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، کافی کی خوشبو کو دیرپا شراکت داری میں بدلینگے، جنید انوار چوہدری

News Image

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کافی نے پاکستان اور روانڈا کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے اور اس خوشبو کو دیرپا اور مضبوط شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔

روانڈا کافی فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی کافی مارکیٹ ہے اور کافی دونوں ممالک کے درمیان رابطے کا ایک مضبوط پل ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افریقہ کے ساتھ عملی اور شعبہ جاتی شراکت داری کو فروغ دینا چاہتا ہے تاکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر افریقہ اور ایشیا کے درمیان تجارت کے اہم دروازے بن سکتے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بحری تعاون کو مضبوط بنا کر تجارتی لاگت کم کی جا سکتی ہے اور نجی شعبے کے اعتماد میں اضافہ ممکن ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مضبوط شراکت داری کے ذریعے معیار، شفافیت اور تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے روانڈا کو ایک متحرک اور مستقبل دوست افریقی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مفاد اور طویل المدتی فوائد پر مبنی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کافی نے دونوں ممالک کو قریب لایا ہے تاہم اصل کامیابی کا تعین مضبوط شراکت داریاں کریں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روانڈا کے درمیان کافی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

DATE . Jan/30/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top