
وس کے نائب وزیراعظم مرات خسنولن اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور روس کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ ترقی کے وسیع اشتراک میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ جواب میں روسی نائب وزیراعظم نے کہا کہ رشین فیڈریشن خطے میں ہمہ جہتی ترقی اور باہمی تعاون کی خواہاں ہے۔ مرات خسنولن نے قازان فورم میں پاکستان کی نمائندگی کو خوش آئند قرار دیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان کے ذرائع مواصلات میں روسی سرمایہ کاری پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان زمینی، بحری اور فضائی ذرائع مواصلات کی اپ گریڈیشن چاہتا ہے۔ انہوں نے روسی نائب وزیراعظم کو پاکستان کے موجودہ حالات سے بھی آگاہ کیا اور واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا داعی ہے اور عدم جارحیت کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔
روسی نائب وزیراعظم مرات خسنولن نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ معاشی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے قازان فورم کو جنوبی ایشیاء کے ممالک کے لیے معاون ثابت ہونے کی امید ظاہر کی۔
ملاقات کے اختتام پر روسی نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر مواصلات کے درمیان تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔
DATE . May/17/2025