
سندھ فلمز ڈیپارٹمنٹ کے بینر تلے بننے والی پاکستانی فلم ’کالا پانی‘ نے ریلیز سے قبل ہی بین الاقوامی سطح پر اپنی جگہ بنالی ہے۔
فلم ’کالا پانی‘ کو کانز فلم فیسٹیول، اسٹاک برج فلم فیسٹیول اور ساؤتھ فلم اینڈ آرٹ اکیڈمی فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے، جہاں فلم کو بین الاقوامی ناظرین تک پہنچنے کا موقع ملا۔
فلم کے پروڈیوسر نعمان النبی جبکہ ہدایتکار رانا کامران ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں مرزا گوہر رشید، حرا مانی، عمر عالم، سلیم معراج، ثاقب سمیر سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
’کالا پانی‘ کی کہانی ایک قیدی کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں ڈرامے کے ساتھ ایکشن اور سسپنس کا تڑکا بھی دیکھنے کو ملےگا، جبکہ کہانی میں بدلے کا عنصر بھی نمایاں ہے۔
جیو ڈیجیٹل سے گفتگو میں ہدایتکار رانا کامران نے بتایا کہ فلم میں کئی کردار نظر آئیں گے، تاہم ’کالا پانی‘ محض ایک فلم نہیں بلکہ خود بھی ایک کردار کی طرح محسوس ہوتی ہے۔
رانا کامران کے مطابق فلم کی کہانی بدلے کے جذبے میں گندھی ہوئی ہے اور اس میں ایسے عناصر شامل ہیں جو نیٹ فلکس، پرائم ویڈیو یا دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کا کانٹینٹ دیکھنے والے ناظرین کو پسند آسکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’کالا پانی‘ کو روایتی کمرشل فلم کے طور پر پیش نہیں کیا جارہا بلکہ اس کی کہانی اور انداز اسے ایک مختلف نوعیت کی فلم بناتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ رواں سال مئی میں مکمل کی گئی، جبکہ اس کے مختلف مناظر کراچی کے مختلف علاقوں میں فلمائے گئے ہیں۔
’کالا پانی‘ کو رواں سال کے اختتام تک ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے، تاہم حتمی ریلیز تاریخ کا اعلان سندھ فلمز کی جانب سے کیا جائے گا۔ رانا کامران کے مطابق اس سال نومبر میں فلم کی ریلیز کے امکانات زیادہ ہیں۔
واضح رہے کہ رانا کامران اس سے قبل دیمک، نابالغ افراد، لوڈ ویڈنگ، ’وی آئی پی‘، ’جن محل‘، ’نامعلوم افراد‘ سمیت مختلف فلموں میں بطور ڈی او پی (Director of Photography) خدمات انجام دے چکے ہیں۔
DATE . 16/Oct/2026
