ریگولیٹری اصلاحات ملکی معیشت کی بحالی کے لئے ناگزیر ہیں، قیصر احمد شیخ

News Image

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت کمیٹی برائے کابینہ آن ریگولیٹری ریفارمز (CCORR) کا ایک اہم اجلاس وزیرِاعظم آفس میں منعقد ہوا، جس میں وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر نے بھی شرکت کی۔


اجلاس میں ریگولیٹری اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست نظام کے قیام سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اس موقع پر کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اسمارٹ اور کاروبار دوست ریگولیٹری نظام ناگزیر ہے۔


انہوں نے کہا کہ غیر ضروری قوانین اور پیچیدہ طریقۂ کار سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں، جنہیں دور کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔


اجلاس میں پیکج IV کے تحت تاریخی ریگولیٹری اصلاحات کی منظوری دی گئی۔ وفاقی وزیر نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کی مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کی رفتار تیز ہو چکی ہے۔ انہوں نے تاخیر کا شکار اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا اور بتایا کہ اب تک 68 اصلاحات نافذ کی جا چکی ہیں جبکہ باقی 82 اصلاحات پر پیش رفت مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔


قیصر احمد شیخ نے کہا کہ فارن ایکسچینج قوانین میں آسانیوں سے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ انہوں نے سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔


وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر نے اصلاحاتی ایجنڈے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وینچر کیپیٹل اصلاحات نوجوانوں کے لیے نئے کاروباری مواقع پیدا کریں گی اور جدت پر مبنی معیشت کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی۔


اجلاس میں سرجیکل آلات کی صنعت کے لیے سنگل ونڈو نظام کی منظوری دی گئی، جبکہ خیبر پختونخوا میں ریگولیٹری طریقۂ کار کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرمایہ کاری میں سہولت کاری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیرِاعظم کے وژن کے مطابق ریگولیٹری اصلاحات پر عملدرآمد کا عمل جاری ہے اور حکومت پاکستان سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے معاشی استحکام کے ہدف کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔

DATE . Feb/5/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top