
ساہیوال – وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے، جس کے نتیجے میں سرکاری اراضی واگزار کرانے اور بازاروں کو تجاوزات سے پاک کرنے میں شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کے مطابق ساہیوال ڈویژن کے تمام شہروں کے کمرشل علاقوں سے تجاوزات ہٹا کر بازاروں کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اب تک 229 بازاروں کو صاف کیا جا چکا ہے، جن میں سے 74 بازار ضلع ساہیوال، 101 ضلع اوکاڑہ اور 54 بازار ضلع پاکپتن میں واقع ہیں۔
مہم کے دوران 10,923 شٹرز اور 10,907 پکی تعمیرات کو گرایا گیا، جب کہ 796 دکانوں کو سیل بھی کیا گیا ہے۔ سیل کی گئی دکانوں میں 227 ساہیوال، 439 اوکاڑہ اور 130 پاکپتن سے ہیں۔
کمشنر کے مطابق تجاوزات مافیا سے مجموعی طور پر 7,394 کنال قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ اس میں 4,003 کنال ضلع ساہیوال، 2,350 کنال ضلع اوکاڑہ اور 1,041 کنال ضلع پاکپتن شامل ہے۔ واگزار شدہ زمین کی مالیت کا تخمینہ 16 ارب 77 کروڑ 40 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
DATE . Apr/17/2025