سربراہ پاک فضائیہ کی سعودی عرب کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقات: دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی اور دفاعی اشتراک کے امکانات پر تبادلۂ خیال

News Image

راولپنڈی:سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران رائل سعودی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے ملاقات کی۔ سربراہ پاک فضائیہ کی آمد پر رائل سعودی ایئر فورس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، اور اُ ن کا تاریخی اور شاندار استقبال کیا گیا۔

ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور مستقبل میں دفاعی اشتراک کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے فضائی سربراہان نے موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تربیت، آپریشنل اشتراک اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کو باہمی اعتماد، تزویراتی ہم آہنگی اور پائیدار برادرانہ تعلقات کی واضح توثیق کا عملی نمونہ قرار دیا گیا، جبکہ دفاعی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرتے ہوئے اشتراکِ عمل کے دائرۂ کار کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دینی اقدار، باہمی احترام اور تزویراتی ہم آہنگی پر مبنی تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دوطرفہ و کثیرالقومی مشقوں کے ذریعے عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں پاک فضائیہ کے ایک مضبوط ملٹی ڈومین فورس میں ارتقاء کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2025 کی جنگ کے دوران خلاء، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر، مخصوص ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت کے ڈومینز کا استعمال فیصلہ کن ثابت ہوا، جو پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت، موافقت اور عسکری تاثیر کی عکاسی کرتا ہے۔

سعودی دفاعی قیادت نے دونوں برادر ممالک کے مابین مضبوط رشتۂ اخوت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین قائم قریبی اور دیرینہ روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سعودی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل برتری اور حربی تیاریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ہوا بازی و ایرو اسپیس صنعت میں پاک فضائیہ کی بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتوں کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

سربراہ پاک فضائیہ کا سعودی عرب کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین پائیدار تزویراتی شراکت داری کے استحکام اور فعالیت کا مظہر ہے، جو دفاع اور ہوا بازی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ذریعے دوطرفہ تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

DATE . Jan/9/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top