سردیوں میں گھریلو صارفین کو اضافی گیس فراہم کی جا رہی ہے، علی پرویز ملک

News Image

اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سردیوں کے دوران گیس کی فراہمی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گیس یوٹیلٹیز کی کارکردگی، اضافی سپلائی اور صارفین کو ریلیف کی فراہمی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سردیوں میں گھریلو صارفین کو اضافی گیس فراہم کی جا رہی ہے اور رواں سال عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دسمبر 2025 کے دوران سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 95 ایم ایم سی ایف ڈی زائد گیس فراہم کی، جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے دسمبر میں 32 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس سپلائی کی گئی۔

وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ گیس نیٹ ورک کے آخری علاقوں میں پریشر کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید آئی او ٹی(IOT) اور ٹاؤن بارڈر سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔ علی پرویز ملک نے ہدایت کی کہ ایس ایس جی سی ٹیل اینڈ علاقوں میں پریشر اور الارم سسٹم کو مزید بہتر بنائے تاکہ صارفین کو بلا تعطل گیس فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس میں اوگرا آڈٹ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایس این جی پی ایل کی 98 اعشاریہ 5 فیصد اور ایس ایس جی سی کی 97 فیصد صارف شکایات مقررہ مدت کے اندر حل کی گئیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے ہدایت کی کہ ہر شکایت کے حل کے بعد صارفین سے باقاعدہ فیڈبیک لینے کا مؤثر نظام بھی وضع کیا جائے۔

DATE . Jan/6/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top