
اسلام آباد: سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین حج کو سعودی عرب پہنچانے کا فلائیٹ آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی آخری پرواز پی کے 795 نے تین سو سات عازمین کو لے کر جدہ پہنچایا۔
سرکاری حج سکیم کے تحت اب تک 88 ہزار 260 پاکستانی عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔ حج فلائٹ آپریشن کے آخری روز چار پروازوں کے ذریعے مزید 1305 عازمین جدہ روانہ کیے گئے۔ حج آپریشن کا آغاز 29 اپریل کو ہوا تھا اور مجموعی طور پر 342 پروازیں چلائی گئیں۔ یہ آپریشن 33 روز جاری رہا جس میں ابتدائی 15 دنوں کے دوران عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا گیا۔
نجی سکیم کے تحت 22 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ قومی، نجی اور سعودی فضائی کمپنیوں نے عازمین کو پہنچانے کے اس بڑے آپریشن میں حصہ لیا۔
اس سال کل ایک لاکھ 15 ہزار 271 پاکستانی حج کے فریضے کی ادائیگی کریں گے، جن میں سے 88 ہزار 260 سرکاری سکیم کے تحت اور 27 ہزار 11 نجی سکیم کے تحت شامل ہیں۔
منی اور عرفات میں خیموں کی تنصیب اور دیگر انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔ 470 حج ناظمین بھی تعینات کیے گئے ہیں، جن میں ہر ناظم 188 پاکستانی عازمین کی مدد اور رہنمائی کریں گے۔
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے منی کا دورہ کیا اور عازمین حج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
DATE . JUN/1/2025