ریاض۔22نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کی روڈ جنرل اتھارٹی نے شاہراہوں پر گاڑیوں کی رفتار کم کرنے کے لیے سپیڈ بریکرز کے معیار اور ضوابط مقرر کر دیے ۔ اردو نیوز کے مطابق اتھارٹی نے کہا ہے کہ شاہراہوں پر سپیڈ بریکرز بنانے کے لیے سعودی روڈ کوڈ کے معیار کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہائی ویزے، پل اور انڈر پاس یا ٹنلز میں سپیڈ بریکرز بنانے کی اجازت نہیں دی جاتی، جن مقامات پر سپیڈ بریکرز بنانے درکار ہوں ان کے بارے میں باقاعدہ ٹیکنیکل رپورٹ کا ہونا ضروری ہے جس میں وہ مقام جہاں بریکر بنانا مقصود ہوں کی وضاحت کی جائے۔ علاوہ ازیں اس کی بھی وضاحت کی جائے کہ بریکر بنانے کی ضرورت کیوں ہے۔
سعودی روڈ کوڈ کے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ جن سڑکوں پر جہاں حد رفتار فی گھنٹہ 50 کلو میٹر ہے وہاں سپیڈ بریکر نہیں بنائے جا سکتے۔ سپیڈ بریکرز کی اونچائی 70 سے 90 ملی میٹر سے زیادہ نہ ہو تاہم وہ سڑکیں جہاں حد رفتار 30 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو وہاں 100 ملی میٹر اونچائی تک بنانے کی اجازت ہو گی۔
DATE . NOV /22 /2024