
پاکستان کے معروف کامیڈین کاشف خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو برنس روڈ سے بریانی اور حلیم بنواکر کھلائی جبکہ سنجے دت کو لی مارکیٹ سے چپل بنوا کر دی۔
نامور کامیڈین کاشف خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ماضی میں بھارتی اسٹارز کے ساتھ ہونیوالی ملاقات اور بھارت میں ملنے والی عزت کا ذکر کیا۔
کاشف خان نے بتایا کہ ماضی میں 80 مرتبہ بھارت جاچکا ہوں، اس وقت ہم بمبئی ایسے جاتے تھے جیسے آج کل لوگ ناظم آباد جاتے ہیں۔
کاشف خان کا کہنا تھا کہ ’ ماضی میں جب پرفارمنس کیلئے بھارت جاتے تھے تو اس وقت بھارتی اسٹار میرے علاوہ میری اہلیہ اور بچوں سے بھی ملنے کے خواہشمند ہوتے تھے، ’ بھارت کے ٹی وی ڈرامے ’ کُم کُم‘ کی اسٹار اداکارہ نے میری ڈیڑھ سالہ بیٹی ربیکا کو گود میں اٹھاکر تصویر کھنچوائی تھی۔
کامیڈین کا اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا لیکن حال ہی میں جب ربیکا نے شاہ رخ خان سے ملاقات کا ذکر کیا تو اس کی بات پر اس کا مذاق اڑایا گیا حالانکہ میری صاحبزادی کی گفتگو میں کوئی جھوٹ نہیں تھا۔
دوران گفتگو کاشف خان نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ماضی میں بالی وڈ اداکار سنجے دت کی خواہش پر میں نے ان کو کراچی کے علاقے لی مارکیٹ سے پشاوری چپل بنواکر دی تھی، اسی طرح اداکار گووندا نے جب سیاہ سوٹ کی فرمائش کی تو میں نے انھیں کریم سینٹر سے یہ سیاہ سوٹ بنواکر دیاتھا‘۔
کامیڈین نے مزید کہا کہ سپر اسٹار سلمان خان کو برنس روڈ کی بریانی کھانی تھی تو میں ان کیلئے فوڈ سینٹر سے بریانی اور مزیدار کی حلیم بنواکر بھارت لے کر گیا تھا۔
DATE . Oct/1/2025