
واشنگٹن: امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے جنوبی ایشیا کی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے خطے میں “نیو نارمل” کی باتوں کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا۔
سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ جنوبی ایشیا جیسے حساس خطے میں “نیو نارمل” کی باتیں حقیقت سے بعید ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ “نیو نارمل” کا کوئی بھی حوالہ بذات خود ابنارمل ہے اور ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔
پاکستانی سفیر نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند قوم ہے اور خطے کی ڈیڑھ ارب آبادی کے مفادات کو مقدم رکھتا ہے۔ انہوں نے سیز فائر پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ اصل مسئلے کا حل نکالنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین اصل مسئلہ جموں و کشمیر ہے جس کو حل کرنا ناگزیر ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ سب کا مفاد امن میں ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی اشتعال پسندی اور جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستانی سفیر نے حالیہ کشیدگی میں کمی لانے کے حوالے سے امریکی قیادت کی مسلسل کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کے حوالے سے ہمیشہ متحرک رہا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر دوست ممالک کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
رضوان سعید شیخ نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کی جانب امریکہ سمیت عالمی برادری کی توجہ اس مسئلے کے مستقل حل کا ایک نادر موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی جانب دنیا کی توجہ مبذول ہونا حوصلہ افزا ہے۔
DATE . May/14/2025