
اسلام آباد:سینٹ اجلاس میں آئی ایم ایف کی رپورٹ سے متعلق تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ رپورٹ میں پروکیورمنٹ سسٹم کی تعریف کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ تیکنیکی ہے جس میں 15 اہم سفارشات پیش کی گئی ہیں۔سفارشات ادارہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے سے متعلق ہیں۔
سینٹ اجلاس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ا سٹرکچرل ریفارمز کے ساتھ ساتھ انسٹی ٹیوشنل ریفارمز بھی کررہے ہیں ۔وفاق اور تین صوبوں میں ای-پیڈ سسٹم فعال ہے جس کا مقصد کرپشن اور لیکجز کم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے چترال کے لئے پی آئی اے کی پروازوں سے متعلق تحریک پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں اقدامات کررہی ہے۔ سینیٹ نے ملک میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے خصوصی ریلیف پیکج کی قرارداد بھی منظور کر لی۔
ایوان نے گرفتار یا تحویل میں زیر تفتیش افراد کے حقوق کا بل2020 ،محدود شراکت داری ترمیمی بل 2023 اور مہلک حادثات ترمیمی بل 2024کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں متعدد بلز بھی پیش کیے گئے جنہیں متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا دیا گیا۔
بعدازاں سینیٹ اجلاس جمعرات سہ پہر چار بجے تک ملتوی ہوگیا۔
DATE .Dec/2/2025


