
نیویارک :پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج بین الاقوامی کانفرنس برائے دو ریاستی حل کے موقع پر مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو دہرایا اور طبی، معدنیات، دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے پاکستان اور مصر کے درمیان روابط مضبوط بنانے، اقتصادی انضمام کو فروغ دینے اور تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں جلد اعلیٰ سطحی تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی نے عالمی فورمز پر مسلسل تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام اور ان کے جائز نصب العین کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، اور اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے بامقصد اور تعمیری نتائج کی امید بھی ظاہر کی۔
DATE . July/29/2025