سی ڈی اے بورڈ کا اہم اجلاس، ترقیاتی منصوبوں اور سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم فیصلے

اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کئی اہم ایجنڈا آئٹمز زیر غور آئے اور ان پر اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں مارگلہ انکلیو فیز ٹو کے ترقیاتی کام کو جوائنٹ وینچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کے تحت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جسے پیپرا رولز کی شق ایف-42 کے مطابق قانونی دائرے میں لایا جائے گا۔ اسی طرح سیکٹر سی تیرہ کے ترقیاتی کام کے نظر ثانی شدہ لے آؤٹ پلان کی منظوری دی گئی جس کے تحت رہائشی اور کمرشل اپارٹمنٹس، پارکنگ اور عوامی عمارتوں کے لیے جگہ مختص کی جائے گی۔مزید برآں، سیکٹر آئی ایٹ مرکز میں پلاٹ نمبر انتیس سے ملحقہ اراضی کو قانون کے مطابق ریگولرائز کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مختلف کمیونیٹیز کے لیے مناسب جگہوں کی نشاندہی کے بعد قبرستان کی جگہ مختص کرنے اور لے آؤٹ پلان میں ضروری تبدیلیاں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں شہر کے مختلف سیکٹرز میں خراب واٹر ورکس، واٹر ٹینکرز اور ٹیوب ویلز کی فوری اپ گریڈیشن اور فعالیت یقینی بنانے کے لیے عملی حکمت عملی کی منظوری دی گئی۔ ان سہولیات کی باقاعدہ نگرانی کے لیے ایک مانیٹرنگ میکنزم بھی وضع کرنے کا فیصلہ ہوا، جب کہ بجلی کی بروقت فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں جی ٹو جی بنیاد پر سیکٹر ایچ الیون فور میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کے قیام کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی۔ پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری کی تزئین و توسیع، پولیس اکیڈمی ایچ الیون کی تکمیل اور سہولیات کی فراہمی، اور ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ لفٹنگ اور شاپنگ سینٹر کے قیام کے لیے بھی کنسلٹنسی سروسز کی منظوری دی گئی۔سیکٹر ایف سیون مرکز میں کمرشل پلاٹ سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی جی لاء کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو آئندہ اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے انتہائی سنجیدہ ہے اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Date . May/15/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top