
بیجنگ: چین انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (CIIE) کا آٹھواں ایڈیشن جو دنیا کی پہلی قومی سطح کی درآمدات پر مبنی نمائش ہے، بدھ کے روز شنگھائی میں شروع ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے کلیدی خطاب کیا، جو ہونگ چیاؤ انٹرنیشنل اکنامک فورم کے ساتھ منعقد ہوا۔
وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا کہ مساوات اور باہمی مفاد کے اصولوں پر قائم رہنا اور مشترکہ مفادات کی مضبوط بنیاد کو مستحکم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے عالمی انصاف اور شفافیت کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین تمام ممالک کے ساتھ مل کر عالمی گورننس انیشی ایٹو کے نفاذ اور عالمی تجارتی تنظیم (WTO) کے مرکزی کردار پر مبنی کثیرالجہتی تجارتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے۔
لی چھیانگ نے مزید کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے حالیہ چوتھے کلینری اجلاس میں منظور کی گئی پندرہویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ (2026-2030) کی تجاویز نے چین کی مستقبل کی اقتصادی و سماجی ترقی کے لیے زیادہ استحکام پیدا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دے گا اور عالمی معیشت میں نئے اور نمایاں کردار ادا کرے گا۔ چین اعلیٰ معیار کی شفاف معاشی پالیسیوں کو آگے بڑھانے، ادارہ جاتی سطح پر کھلے پن کو وسعت دینے اور سروس سیکٹر کے پائلٹ پروگرامز کو تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
تاریخ میں سب سے بڑے رقبے اور سب سے زیادہ بین الاقوامی شراکت داروں پر مشتمل اس آٹھویں امپورٹ ایکسپو کا موضوع “نیا دور، مشترکہ مستقبل” ہے۔ اس میں 155 ممالک، خطوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے 4,108 غیر ملکی نمائش کنندگان شریک ہیں، جبکہ کل نمائش کا رقبہ 4 لاکھ 30 ہزار مربع میٹر سے تجاوز کر گیا ہے۔
یہ نمائش 5 سے 10 نومبر تک جاری رہے گی، جس میں 461 نئی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور خدمات پہلی بار متعارف کرائی جائیں گی۔
DATE . Nov/5/2025


