راولپنڈی: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے آج سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں اور متاثرہ شہریوں کی عیادت کی۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، کمانڈر 10 کور اور ہسپتال کی انتظامیہ بھی موجود تھی۔صدر مملکت نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی بہادری، قربانی اور حب الوطنی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے سپاہیوں اور شہریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ہمیں اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔صدر زرداری نے بھارتی رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کا رویہ جارحانہ اور شدت پسندانہ ہے جو علاقائی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے ہندوتوا نظریے کو پورے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ مودی حکومت پاکستان کے خلاف جارحیت کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور پوری قوم ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے متحد، پرعزم اور ہوشیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن کی کسی بھی کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔صدر زرداری نے زخمیوں کی دیکھ بھال پر ہسپتال کے ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
Date . May/15/2025