
کربلا: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں گورنر کربلا ڈاکٹر نُصیف جاسم الخطابی نے ظہرانے کا اہتمام کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی جس میں ثقافتی تبادلے، سیاحت کے فروغ اور تاریخی مقامات کے تحفظ جیسے موضوعات شامل تھے۔
صدرِ مملکت نے پُرتپاک استقبال پر گورنر کربلا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے روابط علاقائی ہم آہنگی اور عوامی سطح پر قربت کو فروغ دیتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ اُن کے لیے اُن شہروں میں موجود ہونا باعثِ اعزاز ہے جو اسلام کے مقدس ترین مقامات کی میزبانی کرتے ہیں۔ انہوں نے عراق کے دورے کو خطے میں سفارتی، ثقافتی اور عوامی روابط مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ قرار دیا۔
اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن، وزیر سندھ سید ناصر حسین شاہ اور پاکستان کے سفیر برائے عراق بھی صدرِ مملکت کے ہمراہ تھے۔
DATE . Dec/24/2025


