
ابوظہبی: صدر آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے ابوظہبی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مکالمے، شمولیت اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کی قیادت بالخصوص شیخ محمد بن زید النہیان کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے رواداری اور انسانی اخوت سے متعلق یو اے ای کے قومی وژن کو سراہا، جس نے ملک کو مختلف برادریوں کے مابین ہم آہنگی کی عالمی مثال بنا دیا ہے۔ صدر مملکت نے دو سو سے زائد قومیتوں کے مابین اتحاد اور باہمی احترام کے فروغ میں یو اے ای کی کامیابی کو سماجی ہم آہنگی کا قابلِ تقلید نمونہ قرار دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ اقدار پاکستان کے آئین اور سماجی روایات میں درج بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی شمولیت اور ثقافتی و مذہبی تنوع کے احترام کے عزم سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ رواداری اور بقائے باہمی کے اصول خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ اس موقع پر خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، رکنِ قومی اسمبلی، چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن نقوی اور پاکستان کے سفیر برائے متحدہ عرب امارات بھی موجود تھے۔
DATE . Jan/28/2026


