
اسلام آباد: بین الاقوامی جریدے GovInsider نے پاکستان کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کو ایک بار پھر عالمی سطح پر پذیرائی دی ہے۔
جریدے کی Meet the Women in GovTech 2025 سیریز میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ کی قیادت، اصلاحاتی سوچ اور گورننس میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو نمایاں انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
GovInsider، جو دنیا بھر میں عوامی خدمات کو ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر بنانے والی قیادت، پالیسی اصلاحات اور حکومتی جدت کی شناخت رکھتا ہے، نے وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ کا خصوصی انٹرویو شائع کیا، جس میں انہوں نے پاکستان میں ڈیجیٹل دھارے کی وسعت، مصنوعی ذہانت کے فروغ اور ٹیکنالوجی کو قومی ترقی کا مرکزی ستون بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے گفتگو کے دوران عوام کے لیے ڈیجیٹل سروسز کے شعبے میں انقلابی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے سٹیزن سروسز ڈیزائن لیب کے قیام کا اعلان کیا، جس کا مقصد شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید، مؤثر اور قابلِ رسائی ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی ہے۔ GovInsider نے حکومتِ پاکستان کی ڈیجیٹل پالیسی سازی میں پسماندہ طبقات کی براہِ راست شمولیت کو بھی ایک نمایاں اور قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔
بین الاقوامی جریدے کے مطابق پاکستان کا ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ماڈل دنیا کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بن کر ابھر رہا ہے، جو گورننس، عوامی خدمات اور شفافیت کے فروغ میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔ Meet the Women in GovTech 2025 سیریز میں پاکستانی قیادت کی نمایاں موجودگی کو حکومتِ پاکستان کی GovTech اصلاحات پر عالمی اعتماد اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات میں بہتری کی واضح علامت قرار دیا گیا ہے۔
DATE . Dec/17/2025


