عالمی یومِ خواتین 2026:بیجنگ میں سفارتِ خانہ پاکستان کے زیراہتمام پروقار تقریب،”ویڈ اسٹار” اے آئی انٹرنیشنل پراجیکٹ کا باضابطہ اجرا

News Image

بیجنگ: سفارتِ خانہ پاکستان بیجنگ کے زیراہتمام عالمی یومِ خواتین 2026 کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جسے پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ (PECB) نے ویمن ایمپاورمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ سوسائٹی اِن ایشیا-افریقہ (WEDS.AA) کے اشتراک سے منعقد کیاگیا۔ تقریب میں ‘ویڈ اسٹار: دی اے آئی پکچر بک انٹرنیشنل کو-کریئٹنگ پراجیکٹ’ کا باضابطہ اجرا بھی کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے تناظر میں اس ایونٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی خواتین رہنماؤں، ادیبوں، اسکالرز، سائنسدانوں اور کاروباری شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

سفیر خلیل ہاشمی نے خواتین کوبااختیار بنانے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب خواتین کو تعلیم، مواقع اور سماجی زندگی میں مساوی رسائی حاصل ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بااختیار اور جامع معاشرہ ہی قومی ترقی میں خواتین کی صلاحیتوں اور قیادت سے مکمل طور پر استفادہ کر سکتا ہے۔

WEDS.AA کی صدر ڈاکٹر ژاؤ میلنگ نے تقریب کو ایک بامقصد اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے مصنوعی ذہانت (AI) کو خواتین کی ترقی اور ایشیا و افریقہ میں نئی نسل کو متاثر کرنے کے لیے بروئے کار لانے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ وسیع پیمانے پر توجہ حاصل کرے گا۔

تقریب کے دوران ماریشس کے سفیر گیٹن مشیل سیو ہیو سام نے منتظمین کی جانب سے WEDSTAR انٹرنیشنل اے آئی پینٹنگ کو-کریئیشن پراجیکٹ کے اجرا کا باقاعدہ اعلان کیا۔

پروگرام میں آرٹ سیشن بھی شامل تھا جس میں شرکاء نے مختلف موضوعات پر پینٹنگز بنائیں، جبکہ ان پینٹنگز کی حقیقی وقت میں اے آئی کے ذریعے تبدیلی کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

تقریب میں چینی معززین مختلف ممالک کے سفرا و سفارتی نمائندگان، WEDS اور ثقافتی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

DATE . Mar/18/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top