
پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی اداکار عامر خان نے ان سے لیجنڈ معین اختر کے شو لوز ٹاک کی اقساط مانگی ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ثروت گیلانی نے بتایا کہ جب ویب سیریز چڑیلز بیرونِ ملک ریلیز ہوئی تو میرا متعدد بھارتی شخصیات سے رابطہ ہوا، اسی دوران عامر خان سے بھی رابطہ ہوا کیونکہ میں عامر خان کی پروڈکشن ٹیم کے ایک فرد کو جانتی تھی۔
ثروت گیلانی نے بتایا کہ جب عامر خان کی ٹیم نے مجھ سے رابطہ کیا تو میں یہ سمجھی کہ شاید مجھے کسی ہندی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی جارہی ہے، میں نے سوچا واہ عامر خان! شاید اب میں کسی ہندی فلم میں نظر آؤں گی لیکن عامر خان کی دلچسپی کسی فلمی کردار کے بجائے مرحوم معین اختر کے ٹی وی پروگرام کی اقساط میں تھی۔
انہوں نے کہا کہ عامر خان نے مجھ سے پروگرام کی مکمل اقساط مانگی تھیں۔
ثروت گیلانی کے مطابق عامر خان نے خاص طور پر معین اختر کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے ایسا اداکار کبھی نہیں دیکھا جو اتنے مختلف حلیوں اور کرداروں کو اس قدر مہارت سے نبھا سکے۔
DATE . 20 / Aug/2026
