
اسلام آباد-وزیراعظم نے عوام سے کیا ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے گھریلو اور صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا ہے ۔
ارادہ مضبوط ،نیت صاف اور اللہ رب العزت کی ذات پر پختہ یقین ہو تو کامیابی مقدر ہوتی ہے ،عوام کو ریلیف پہنچانے کے مشن کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں شبانہ روز محنت سے ایک اور وعدے کی تکمیل ہوئی ۔
اسلام آباد میں ہونے والی خصوصی تقریب میں وزیراعظم نے گھریلو صارفین کے لئے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے اور صنعتی صارفین کے لئے 7 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ مہنگی بجلی تھی،جب تک بجلی کی قیمت میں کمی نہیں آئے گی، اُس وقت تک ترقی ممکن نہیں ، ملک کے لئے عام آدمی کی قربانی کا مکمل احساس رکھتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ معاشی استحکام کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل فیصلوں اور عوام کی قربانی سے حاصل ہونے والے معاشی ترقی اور استحکام کے ثمرات عوام کو منتقل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بجلی پیداکرنے والے نجی کارخانوں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں مجموعی طور پر تین ہزار696ارب روپے کی بچت ہوئی ہے، گردشی قرضے کے مسئلے کامستقل حل تلاش کر لیا ہے،آئندہ پانچ سال میں گردشی قرضہ بتدریج ختم کیا جائے گا،بجلی چوری کی روک تھام اور اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئےعوام کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف دیں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ برینڈ پاکستان کو گریٹ پاکستان میں تبدیل کریں گے، گھریلو اور صنعتی صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا،صنعتوں کا پہیہ رواں دواں ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ تک پہنچانے والے خوشی کے شادیانے بجارہے تھے ،انتشاری ٹولے کوپختہ یقین تھاکہ ملک دیوالیہ ہوجائے گا،ملکی مفاد ات کونقصان پہنچانے کیلئے تمام حدیں پار کی گئیں،معاشی استحکام کیلئے کی گئی کاوشوں کی راہ میں بھاری رکاوٹیں کھڑی کی گئیں،ذاتی مفاد اور سیاست کیلئے ریاست کے ساتھ کھلواڑکیا گیا،آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کی گئیں،اللہ کے فضل سے ہماری محنت رنگ لائی اور ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ معیشت میں بنیادی استحکام آچکاہے،مائیکرواکنامک اشاریئے بہترہوچکے ہیں،مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے ،اقتصادی استحکام کیلئے آرمی چیف کابھرپورتعاون حاصل رہا،ہم نے پُرخطرراستے پر چیلنجز کا محنت سے مقابلہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل فیصلوں اورسخت محنت سے اپنی منزل حاصل کریں گے.
DATE . Apr/4/2025