غزہ امن معاہدے پر امریکا سمیت ثالث ممالک نے دستخط کردیئے

News Image

شرم الشیخ :ایک اور تاریخی مرحلہ ، غزہ امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ۔مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والے امن سربراہ اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت بیس سے زائد ملکوں کے رہنما شریک ہوئے ۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے ہم ملکر کام کریں گے ۔

مشرق وسطی میں پائیدار امن کی جانب اہم پیشرفت ، شرم الشیخ میں ہونیوالی تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی ، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نےغزہ امن معاہدے پر دستخط کیے ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس تاریخی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔ انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے شرکت کی خصوصی دعوت دی تھی ۔


اسرائیلی فورسز یرغمالیوں کی رہائی کی تیاری کے لیے طے شدہ لائن پر واپس چلی جائیں گی۔ غزہ امن معاہدے کے تحت فوری جنگ بندی کے ساتھ فلسطینی قیدیوں اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا طریقہ کار طے ہوا ہے ۔ امن منصوبے کے تحت اسرائیل غزہ پر قبضہ یا الحاق نہیں کرے گا۔کسی بھی شہری کو غزہ چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ غزہ کی پٹی میں فوری امداد کی فراہمی ترجیح ہو گی ۔ ٹیکنوکریٹک، غیر سیاسی فلسطینی کمیٹی کے تحت حکومت ہو گی ۔غزہ کی تعمیر نو کے لیے صدر ٹرمپ کا اقتصادی ترقی کا منصوبہ عمل میں لایا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امن معاہدے نے تیسری جنگ عظیم کےخطرات کو ختم کردیا۔اس طرح کے کامیاب دن پہلےکبھی نہیں دیکھے۔انہوں نے معاہدے کے لیے مصر،ترکیہ،قطر کی قیادت اور دوسرے سٹیک ہولڈرزکی کاوشیں قابل تعریف ہیں ۔دوست ملکوں کے تعاون سے یہ تاریخی موقع ممکن ہوا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے ہم ملکر کام کریں گے ۔

تقریب کے آغاز پر امن سربراہ اجلاس میں شریک سربراہان کا گروپ فوٹو ہوا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، وزیراعظم محمد شہباز شریف، میزبان صدر عبدالفتاح السیسی، ترک صدر رجب طیب ایردوان ، امیر قطر ،فلسطین، فرانس،برطانیہ، اردن،کویت،بحرین،انڈونیشیا،آذربائیجان،اٹلی،سپین،آرمینیا اور دیگر ملکوں کے رہنما اس تاریخی اجلاس میں موجود تھے ۔

اجلاس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شریک ملکوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات ہوئی ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے غزہ میں امن کے لیے امریکی صدر کی کاوشوں کو سراہا

DATE . Oct/14/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top