فیصل آباد۔ 02 دسمبر (اے پی پی):فیصل آبادچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مختلف کاروباری تنظیموں سے بجٹ تجاویز طلب کرلی ہیں اور کہا ہے کہ ڈائز اینڈ کیمیکلز ایسوسی ایشن سمیت دیگر کاروباری وتجارتی تنظیمیں رواں ماہ کے آخر تک اپنی اہم تجاویز تحریری طور پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو پہنچا دیں تاکہ ان کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کرانے کی کوشش کی جا سکے۔فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے بزنس کمیونٹی کے وفد سے بات چیت میں کہا کہ بجٹ کیلئے ترجیحاً اہم ترین تجاویز دیں تاکہ ان پر پوری طرح غور وخوض ہو۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود مختلف ایسوسی ایشنوں کادورہ کرنا چاہتے تھے مگر انتخابات کے فوراً بعد غیر ملکی دورے کی وجہ سے وہ خود حاضر نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے چیمبر کے ہر ممبر کیلئے کھلے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ چیمبر کی سرگرمیوں کا علم ہر ممبر کو ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے جتنے بھی صدور آئے انہوں نے ہر ممکن طریقے سے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کی سعی کی۔
انہوں نے عالمی معاشی تناظر میں پاکستان کو درپیش مسائل کا ذکر کیا اور کہا کہ دستیاب ڈیٹاکو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جس کی روشنی میں کاروباری معاملات میں مزید سختی متوقع ہے اسلئے ہمیں ابھی سے اپنے معاملات کو صاف اور شفاف بنانا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کو مکمل طور پر ای چیمبر بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں اوراس سلسلہ میں
ایک نجی کمپنی سے بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے چیمبر کے پلیٹ فارم سے ممبران کو ملنے والی مراعات کا بھی ذکر کیا اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سے کہا کہ وہ ان سہولیات کے بار ے میں تمام ضروری اطلاعات ایسوسی ایشنز کو دیں تاکہ یہ اس کو اپنے ممبران میں سر کولیٹ کر سکیں
Date .Dec /2/2024