
سری نگر:مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے سری نگر میں 100 سے زائد گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی لی۔ سری نگر اور دیگر قصبوں میں کرفیو جیسی صورتحال ہے۔ بھارتی فورسز نے ہر گلی کوچے میں چوکیاں قائم کر رکھی ہیں۔ شہریوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔ مسلسل چھاپوں اورتلاشی کی کارروائیوں کیوجہ سے ہرطرف خوف و دہشت کا ماحول پایا جاتا ہے۔قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن آپریشنز کے دوران 28سو سے زائد کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے۔ بھارتی فورسزاہلکار گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ قیمتی گھریلو اشیاءکی توڑ پھوڑ اور بنک اور جائیداد کی دستاویزات، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل آلات ضبط کر رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سری نگر اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں ، گھروں پر چھاپوں اوربلاجواز گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مقبوضہ علاقے کی ا بتر صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نےوزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی طرف سے قوم سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور واضح مئوقف کو سراہتے ہوئے اسے کشمیریوں کے جذبات کا عکاس قرار دیا ہے۔
DATE . May/9/2025