
اسلام آباد:قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نور خان ائیربیس پر معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔
قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف اپنے پہلےسرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف معزز مہمان کے استقبال کے لیے نورخان ائیر بیس پر موجود تھے ۔ قازقستان کےصدر، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر 2 روزہ دورہ کر رہے ہیں ۔پاکستان پہنچنے پر معزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ۔روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے صدر قاسم جومارت توکایووف کو پھول پیش کیے۔نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزرا اور اعلی حکام بھی مہمان صدر کے استقبال کے لیے موجود تھے ۔اعلیٰ سطح وفد بھی قازقستان کے صدر کے ہمراہ ہے ۔
معزز مہمان کی صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔ دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔صدر قاسم جومارت توکایووف کوسب سے بڑا سول اعزاز نشان پاکستان بھی دیا جائے گا۔صدر آصف علی زرداری خصوصی تقریب میں معزز مہمان کو یہ اعزاز دیں گے ۔
دورےکےموقع پر پاکستان -قازقستان بزنس فورم کا بھی انعقاد ہوگا جس کا مقصد تجارت، لاجسٹکس اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔قازقستان کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے ۔ توقع ہے دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان اعلیٰ سطح رابطے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئےباب کا آغاز ہو گا ۔
DATE . Feb/4/2026


