
وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت چیئرمین لیگل ایجوکیشن کمیٹی پاکستان بار کونسل قلب حسن شاہ اور ڈائریکٹر لیگل ایجوکیشن پاکستان بیرسٹر اسامہ ملک کے ساتھ قانونی تعلیم سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر قانون نے قانونی تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
اسلام آباد:وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے آج چیئرمین لیگل ایجوکیشن کمیٹی قلب حسن شاہ اور بیرسٹر اسامہ ملک ڈائریکٹر لیگل ایجوکیشن پاکستان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں یونیورسٹی آف لندن کی انڈرگریجویٹ لاز کی ڈین محترمہ پیٹریشیا میک کیلر بھی موجود تھیں۔ اجلاس کےایجنڈا میں قانونی تعلیم میں معیارات کو بڑھانے اور نافذ کرنے ، خاص طور پر بیرونی قانون کے پروگرام پیش کرنے والے اداروں پر توجہ مرکوز کرناتھا۔
محترمہ میک کیلر نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی آف لندن پاکستان بار کونسل اور ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن (ڈی ایل ای) کی طرف سے مقرر کردہ تمام ریگولیٹری معیارات کی مکمل تعمیل کو یقینی بناتی ہے، تاہم چیئرمین سید قلب حسن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کوئی بھی بین الاقوامی یونیورسٹی پاکستان بار کونسل کی پیشگی منظوری کے بغیر پاکستان میں بیرونی قانون کے پروگرام پیش نہیں کر سکتی۔
انہوں نے امتحانات کو اسائنمنٹس سے بدلنے والے اداروں پر نکتہ چینی کی اورزور دیا کہ اس طرح کے طرز عمل سے تعلیمی سالمیت کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور اسے جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بیرسٹر اسامہ ملک نے ایسے اسائنمنٹ پر مبنی قانون ڈگری پروگراموں کو روکنے کی ضرورت پر مزید زور دیا۔
وزیر قانون نے پاکستان میں قانونی تعلیم کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ” انہوں نے کہا کہ ہم ڈگریوں کی فروخت، اوپن بک فارمیٹس، اور اسائنمنٹ پر مبنی نظام کی اجازت نہیں دیں گے جو پیشے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
گذشتہ دو سالوں میں، لیگل ایجوکیشن کمیٹی اور ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن نے تقریباً 50 ایسے اداروں کو بند کر دیا ہے جو طے شدہ معیارات پر عمل کرنے میں ناکام رہے۔ نئے ضوابط کے تحت، پاکستان بار کونسل کی باضابطہ منظوری کے بغیر کسی کالج کو بیرونی قانون کے پروگراموں سے الحاق کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیر قانون نے تمام شراکت داروں کو آئندہ تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل فوری کارروائی کیے جانے کایقین دلایا۔
DATE . June/19/2025