
قاہرہ: قاہرہ میں 18ویں عالمی سماء انٹرنیشنل فیسٹیول فار چانٹنگ اینڈ اسپریچوئل میوزک کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس سال پاکستان فیسٹیول میں بطور اعزازی مہمان شرکت کر رہا ہے۔ یہ فیسٹیول مصر اور عالمی سطح پر انتہائی نمایاں ثقافتی اور فنکارانہ تقریبات میں شمار ہوتا ہے۔
سفارتخانہ پاکستان قاہرہ نے اس سال بدر علی اور بہادر علی قوال گروپ کی شرکت کا اہتمام کیا ہے، جو 27 تا 30 نومبر 2025 پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ فیسٹیول مذہبی اور صوفی ترانوں میں 18 برس کی تخلیقی اور جدت کی کامیابیوں کا جشن منا رہا ہے اور دنیا بھر کے ممتاز نعت و ترانہ خوانوں، صوفی موسیقی کے گروہوں اور درویش رقص کے بین الاقوامی اجتماع کا روپ دھار چکا ہے۔
افتتاحی تقریب میں تمام مصری اور غیر ملکی گروپس نے متاثر کن کارکردگی پیش کی۔ بدر علی اور بہادر علی قوال گروپ نے سامعین کی کثیر تعداد، بشمول غیر ملکی افراد اور سفارتکاروں کے سامنے قوالی کی محصور کن اور شاندار پرفارمنس پیش کی، جسے بھرپور داد ملی۔
اس سال بھی فیسٹیول تخلیقی فنون کے بھرپور پروگرام کے ساتھ جاری ہے، جس میں “بین المذاہب مکالمہ” کے 11ویں ایڈیشن کو “یہاں ہم ایک ساتھ دعا کرتے ہیں” کے عنوان سے منایا جائے گا، جبکہ متعدد مصری اور بین الاقوامی گروپس شاندار پرفارمنس پیش کریں گے۔ یہ عالمی اجتماع مختلف ملکوں کی ثقافتوں اور فنون کو یکجا کرتا ہے، روابط کو فروغ دیتا ہے اور مصر کی منفرد ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتا ہے۔
DATE . Nov/30/2025


