قرضوں سے نجات کے لیے آمدنی میں اضافہ ناگزیر ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت پر قرضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے قومی آمدن میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران ایف بی آر پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے ایف بی آر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، اور اس اہم سفر میں تمام رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت ٹیکس محصولات میں 27 فیصد اضافہ قابل ستائش ہے، تاہم کھربوں روپے کے زیر التواء ٹیکس کیسز کے جلد فیصلے ضروری ہیں تاکہ قومی خزانے کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے تیزی سے اصلاحات کی جانب بڑھنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں کی دلدل سے نکالنے کے لیے اپنی آمدن میں اضافہ کرنا ہوگا اور اس کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے شبانہ روز محنت کی ضرورت ہے، اور ہمیں اپنی صلاحیتوں پر انحصار کرتے ہوئے خود انحصاری کی راہ اپنانا ہوگی۔وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کو ملک کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر انعام و سزا کا نظام لاگو کیا جائے گا تاکہ سرکاری افسران میں کام کا جذبہ مزید بڑھے۔دورے کے دوران وزیراعظم کو ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن، ڈیجیٹل انوائسنگ، اور نئے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نادرا، بینکنگ اور دیگر اداروں سے حاصل شدہ ڈیٹا کی مدد سے فیصلے کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹیکس نیٹ میں توسیع کی جا سکے۔ایف بی آر کے نئے ڈلیوری یونٹ کے دورے کے دوران وزیراعظم نے افسران سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسران ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم ٹیکس نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی-

Date . Apr/19/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top