قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کوبھارتی جارحیت کا جواب دینے کا اختیار دے دیا

News Image

اسلام آباد:قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کوبھارتی جارحیت کا جواب دینے کا اختیار دے دیاہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں بھارتی حملے کو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی۔
قومی سلامتی کمیٹی نےقرار دیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق پاکستان اپنی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کا بدلہ لینے اور دفاع کیلئےاپنی مرضی کےوقت،جگہ اورطریقہ کار کےانتخاب کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ شرکاء نے کہا کہ بھارت کا حملہ بین الاقوامی قوانین کے تحت واضح طور پر جنگی کارروائی،بھارتی فوج کا خواتین اور بچوں سمیت نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا گھناؤنا جرم ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی نے پاک سرزمین پر دہشت گرد کیمپوں سے متعلق بھارتی الزامات کو ایک بار پھر سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی قابل اعتماد، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی مخلصانہ پیشکش کی جسے قبول نہیں کیا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے ان خیالی کیمپوں کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ مزیدصحافیوں نے ان مقامات کا دورہ کرنا تھا لیکن بھارت نے نہتے شہریوں پر حملہ کر دیا۔ سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے معصوم پاکستانیوں پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ بھارت نے خطے میں جنگ کی آگ بھڑکائی جس کے نتائج کا ذمہ دار وہ خود ہوگا۔
فورم نے کہا کہ پاکستان وقار اور عزت کے ساتھ امن کے لیے پرعزم ہے،تاہم کسی بھی صورت اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی ہرگزاجازت نہیں دے گا ۔
قومی سلامتی کمیٹی نے افواج پاکستان کی بہادری، جرات اور مادر وطن کے دفاع کیلئےبروقت کارروائی کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہے۔قومی سلامتی کمیٹی نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے بلا اشتعال غیر قانونی اقدامات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کی صریح خلاف ورزیوں پرجوابدہ ٹھہرائے۔
قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ سیالکوٹ، شکر گڑھ، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفر آبادمیں بھارت نے بلا اشتعال شہری علاقوں کو نشانہ بنایا اور مساجد سمیت شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا۔ بھارتی جارحیت سے خلیجی ملکوں کی ایئر لائنز اور ان کےہزاروں مسافروں کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہوئیں۔ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو بھی بین الاقوامی کنونشنز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر نشانہ بنایا ۔
اجلاس میں بھارت کے حملوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی-

DATE . May/8/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top