
لاہور:لاہور میں فضائی معیار میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے اور اے کیو آئی 120 تک آ گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی ڈیٹا کی بنیاد پر سموگ کی صورتحال میں بہتری ممکن ہوئی ہے جبکہ اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ اور جی ایس میپنگ کے ذریعے آلودگی پر مؤثر کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی سیاسی عزم اور عوامی تعاون سے ماحولیاتی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور آلودگی کے اسباب کے خاتمے کیلئے جامع ملٹی سیکٹورل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام صنعتی چمنیوں کی ای پی اے کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ اسموگ کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے اور ڈرون و سی سی ٹی وی کے ذریعے کڑی مانیٹرنگ جاری ہے۔
سینئر صوبائی وزیر کے مطابق بھٹوں، صنعتی یونٹس اور گاڑیوں کے اخراج پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے، خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف پورا سال بہتر اے کیو آئی برقرار رکھنا ہے جبکہ بزرگ اور بیمار شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
DATE . Jan/27/2026


