
لاہور پولیس نے عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت، نمازِ عید کے اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے06 ایس پیز، 22 ایس ڈی پی اوز، 83 ایس ایچ اوز اور 546 اپر سبارڈنیٹس تعینات کیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر، عید الاضحیٰ کے موقع پر 9 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 700 ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ ڈولفن سکواڈ اور پیر سکواڈ کے 1600 سے زائد افسران و اہلکار پٹرولنگ ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے اس موقع پر کہا کہ لاہور پولیس مساجد، امام بارگاہوں اور نمازِ عید کے اجتماعات کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نمازیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مساجد اور عید گاہوں کے باہر میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے۔ کمیانہ نے اس بات پر زور دیا کہ عید الاضحیٰ سے متعلق حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔
بلال صدیق کمیانہ نے یہ بھی یقین دلایا کہ عید الاضحیٰ پر پبلک پارکس اور دیگر تفریحی مقامات پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ لاہور پولیس پرعید الاضحیٰ کے پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ شہری بلا خوف و خطر مذہبی فرائض ادا کر سکیں اور تہوار کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
DATE . JUN/6/2025