
اسلام آباد:لوک ورثہ کے زیر اہتمام جاری لوک میلہ کے آٹھویں روز رنگا رنگ ثقافتی سرگرمیوں نے میلے کو نئی رونق بخشی۔
سندھ کلچرل میوزک نائٹ نے میلے کی شام کو مکمل طور پر اپنی گرفت میں لے لیا جہاں ملک بھر سے آئے ہوئے لاکھوں شائقینِ موسیقی نے بھرپور شرکت کی۔سندھ پویلین جو ہمیشہ اپنی ثقافتی مہک، روایتی ہنر، لوک موسیقی اور رقص کے باعث نمایاں رہتا ہے ، آج ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا رہا۔
وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات حکومت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کی خصوصی دعوت پر ہزاروں افراد نے پویلین کا رخ کیا۔رات کے وقت جشن نے ایک نیا رنگ اس وقت اختیار کیا جب سندھ کے معروف اور بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکار سٹیج پر جلوہ گر ہوئے جن میں صوفی موسیقی کی ملکہ صنم ماروی نے اپنے وجد انگیز کلام سے سامعین کو مسحور کر دیا۔
سندھ کے نوجوان لیجنڈ سیف سمیجو نے جدید اور روایتی دھنوں کو ملا کر ماحول کو جوش و جذبے سے بھر دیا۔ طفیل خان سنجرانی نے اپنی دلکش سرتال اور منفرد سٹائل کے ساتھ حاضرین کی داد وصول کی۔ اصغر کھوسو نے خاص لوک موسیقی کے رنگ بکھیر کر سندھ کی روح کو زندہ کر دیا۔
سندھ کلچرل میوزک نائٹ شام 6 بجے اوپن ایئر آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی جبکہ آڈیٹوریم کے باہر بھی لوگ موسیقی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد وقاص سلیم نے کہا کہ سندھ کی ثقافت پاکستان کی ثقافتی پہچان کا اہم ستون ہے اور سندھ پویلین و موسیقی کی شام نے اس پہچان کو آج پھر سے زندہ کر دیا۔ میلہ 16 نومبر تک روزانہ صبح 10:00 بجے سے رات 10:00 بجے تک جاری رہے گا۔
DATE . Nov/15/2025
