
پاکستانی اداکارہ مدیحہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ بیرون ملک ایک خاتون انہیں یمنیٰ زیدی سمجھ کر اپنے شوہر سے الجھ گئی تھیں۔
مدیحہ امام حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ’ ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں جس دوران اداکارہ نے میزبان تابش ہاشمی سے کئی دلچسپ موضوعات پر گفتگو کی۔
دوران شو اداکارہ نے تابش ہاشمی کے یاد دلانے پر ایک دلچسپ قصہ سنایا کہ ’ ایک مرتبہ میں بیرون ملک تھی جہاں شاپنگ مال میں ایک خاتون میرے پاس بھاگتی ہوئی آئیں اور مجھ سے کہا ’ انہیں میرے ڈرامے بے حد پسند ہیں، اس کے بعد انہوں نے میرے ڈراموں کے نام لینا شروع کردیے‘۔
مدیحہ امام کے مطابق ‘ خاتون کے منہ سے ڈراموں کے نام سن کر میں چونک گئی کیوں کہ ان کے بتائے ہوئے ڈراموں میں سے کوئی بھی ڈرامہ میرا نہیں تھا اور جب انہوں نے مشہور اور ہٹ ڈراموں کے نام لینا شروع کیے تب مجھے پتا چلا کہ وہ مجھے یمنیٰ سمجھ کر بات کررہی ہیں کیوں کہ سارے ڈرامے یمنیٰ کے تھے‘۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ’ میں جان کر بھی خاموش رہی کیوں کہ مجھے لگا تھا کہ وہ سیلفی لے کر چلی جائیں گی اور انہیں بعد میں خود پتا چل جائے گا کہ میں یمنیٰ نہیں ہوں لیکن ایسا نہیں ہوا، انہوں نے اس کے بعد مجھ سے آٹوگراف مانگ لیا، مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میں ان کو کیسے بتاؤں کہ میں مدیحہ ہوں یمنیٰ نہیں‘۔
مدیحہ امام کے مطابق ’میری اور خاتون کی گفتگو جاری تھی جس دوران ان کے شوہر آگئے اور انہوں نے اپنی اہلیہ کو واضح کیا کہ میں مدیحہ ہوں ، یمنٰی نہیں لیکن اس کے باوجود خاتون کسی بھی طرح ماننے کو تیار نہیں تھیں، وہ اپنے شوہر سے لڑنے لگیں ، ان کا کہنا تھا کہ میں ڈرامے دیکھتی ہوں تو تمہیں پتہ ہے ، یا مجھے کہ یہ کون ہیں‘۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ’ اس کے بعد میں نے ان کے آٹوگراف پر صرف ’ؒLove‘ لکھ دیا اور پھر وہ اپنے شوہر سے لڑتے لڑتے ہی وہاں سے چلی گئیں‘۔
DATE . Sep/30/2025