
اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت داخلہ کے اداروں کے مابین باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں۔ انہوں نے اداروں کے مابین بروقت انفارمیشن اور ڈیٹا کے تبادلے کو انتہائی اہم قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں تعینات افسران وزارت داخلہ کے دیگر اداروں کی معاونت بھی کر سکتے ہیں، اس لیے تمام اداروں کی افرادی قوت سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اداروں کے درمیان باہمی کوآرڈینیشن بہتر ہونے سے نہ صرف عوام کو بلکہ حکومت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسران کو نامزد کیا جائے تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو۔ محسن نقوی نے تمام اداروں کو اس ضمن میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی جبکہ سیکرٹری داخلہ کو ان سفارشات کی روشنی میں ایک جامع پلان مرتب کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔
اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، نادرا، ایف آئی اے، اینٹی نارکوٹکس کنٹرول، فرنٹیئر کور، فرنٹیئر کانسٹیبلری، رینجرز، نیشنل پولیس اکیڈمی، نیشنل پولیس بیورو، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی، اور اسلام آباد پولیس سمیت دیگر اہم اداروں کے سربراہان شریک تھے-
DATE . JUN/11/2025