
مدینہ منورہ : سعودی عرب کا شہر مدینہ منورہ اور اس کے نواحی علاقے دنیا بھر میں عمدہ اور متنوع اقسام کی کھجوروں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اس خطے میں تقریباً 29 ہزار کھجوروں کے باغات موجود ہیں، جو اپنی بے نظیر اور لذیذ پیداوار کے لیے مشہور ہیں۔
مدینہ منورہ کی مقامی منڈیوں میں کھجور کی 120 سے زائد مختلف اقسام دستیاب ہیں، جن میں عجوہ، مبروم، عنبر اور سکری خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ یہاں کی مشہور ترین کھجوروں میں سے ایک ‘عجوہ’ اپنی منفرد مٹھاس اور فوائد کے سبب دنیا بھر میں جانی جاتی ہے۔ ان مارکیٹوں میں خشک میوہ جات، بادام بھری کھجوریں اور چاکلیٹ میں لپٹی کھجوروں کی بھی وسیع اقسام موجود ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج جب اپنے وطن واپس لوٹتے ہیں تو مدینہ منورہ کی کھجوریں ایک لازمی سوغات کے طور پر ساتھ لے جاتے ہیں۔ زائرین کے لیے کھجوروں کی خریداری کے حوالے سے مدینہ منورہ ایک بہترین بازار کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں انہیں مکہ مکرمہ اور دیگر علاقوں کے مقابلے میں بہتر معیار کی کھجوریں نسبتاً کم قیمت پر میسر آتی ہیں۔
DATE . May/14/2025