
کولمبو: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ای سی) کا 13واں اجلاس کولمبو میں منعقد ہوا، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِاعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔
اجلاس کے دوران آئی ٹی اور ڈیجیٹل اکانومی کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ابھرتی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ صنعتی تعاون، باہمی تجارت میں توسیع اور فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
سری لنکا کی جانب سے پاکستانی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی جبکہ ایس ایم ای سیکٹر میں تعاون مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں گوشت اور بیجوں کی تجارت پر بات چیت کی گئی اور سری لنکا کے انناس اور ایووکاڈو کی پاکستان برآمدات کے طریقہ کار میں پیش رفت سامنے آئی۔
اجلاس میں سری لنکن طلبہ کے لیے پاکستان کو اعلیٰ تعلیمی مرکز کے طور پر فروغ دینے، سائنس و ٹیکنالوجی میں مشترکہ تحقیق، صحت کے شعبے میں ادویات اور ریگولیٹری تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ سمندری تعاون کے تحت کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے ذریعے شراکت داری، شپ بلڈنگ اور میری ٹائم ٹریننگ میں تعاون پر بھی غور کیا گیا۔
DATE . Jan/29/2026


