اریج فاطمہ نے بتایا کہ ان میں انتہائی تیزی سے پھیلنے والے کینسر کوریوکارسینوما کی تشخیص ہوئی ہے

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے بتایا ہے کہ ان میں ایک نایاب اور انتہائی تیزی سے پھیلنے والے کینسر کوریوکارسینوما کی تشخیص ہوئی، جو عموماً مولر حمل کے بعد پیدا ہوتا ہے۔
اپنے انسٹاگرام پیغام میں پاکستان ٹی وی کی اداکارہ اریج فاطمہ نے کہا کہ میری زندگی بظاہر بالکل نارمل چل رہی تھی، مجھے لگتا تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہے، میں کبھی کبھار عبادت میں بھی غفلت کرتی تھی لیکن اچانک مجھے ایسی بیماری کا سامنا کرنا پڑا جس نے میری زندگی بدل دی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ چند ماہ سے میں اس کشمکش میں مبتلا تھی کہ آیا میں اپنے اس سفر کو اپنی انسٹاگرام فیملی کے ساتھ شیئر کروں یا نہیں، اس کی ایک سادہ سی وجہ ہے، ہر وہ شخص جو آپ کو فالو کرتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ آپ کی خوشیوں میں خوش ہو، آپ کے غم میں غمگین ہو یا آپ کی تکلیف پر افسردہ ہو، مخلصی آج کے دور میں ایک نایاب چیز بن چکی ہے۔
پھر بھی میں نے یہ فیصلہ کیا کہ اس بارے میں بات کروں، کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ لوگوں کو اس بیماری سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صحت کو سنجیدگی سے لیں، مجھے کوریوکارسینوما نامی کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس بیماری کی ابتدائی مرحلے میں ہی تشخیص ہوگئی، جو میرے لیے ایک بہت بڑی نعمت ہے، میں اپنے رب کی بے حد شکر گزار ہوں کیونکہ اکثر کیسز میں یہ بہت دیر سے دریافت ہوتا ہے۔
کوریوکارسینوما ایک نایاب، تیزی سے پھیلنے والا کینسر ہے جو حمل کے دوران یا حمل کے بعد رحم میں پیدا ہوسکتا ہے، خاص طور پر مولر حمل کے بعد۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ پچھلے چار ماہ میرے لیے ایک کٹھن آزمائش ثابت ہوئے اور میں نے یہ بات کسی سے شیئر نہیں کی کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ لوگ مجھے جج کریں گے، ان دنوں میں مجھے صرف دو خوف تھے، ایک یہ کہ میں اللہ کا سامنا کیسے کروں گی اور دوسرا یہ کہ میرے خاندان کا کیا ہوگا۔
اریج فاطمہ نے اپنی پوسٹ میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے دوسری زندگی ہے، الحمدللہ میرے خاندان کیلئے اور ان تمام حالات کیلئے بھی، کیونکہ یہ بیماری میرے نصیب میں لکھی تھی، مگر اللہ تعالیٰ نے مجھے اس سے نکالا اور اپنے قریب کردیا، جس کیلئے میں جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے، اللہ تعالیٰ نے مجھے موقع دیا کہ میں اپنی غلطیوں پر غور کروں اور اپنے رب کے قریب ہو جاؤں۔
انہوں نے مداحوں کو صحت سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے کہا براہِ کرم اپنی صحت کو سنجیدگی سے لیں، اگرچہ میرے پاس کوئی خاص علامات نہیں تھیں، لیکن وقت پر تشخیص ہونے سے میں بچ گئی، اپنے میڈیکل چیک اپس کو نظر انداز مت کریں۔
آخر میں اریج فاطمہ نے اپنے چاہنے والوں سے دعا کی درخواست کی اور کہا کہ اس آزمائش نے انہیں زندگی کا اصل مقصد سمجھا دیا ہے۔
انہوں نے بیماری سے لڑنے کے دوران کی کچھ تصویری جھلکیاں بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جو ان کی ہمت، صبر اور اللہ پر بھروسے کی بھرپورعکاس ہیں۔
اریج فاطمہ نے 2019ء میں اپنے مقبول ڈرامہ سیریل ”حسد“ کی کامیابی کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا، ان کے دیگر مشہور ڈراموں میں ”ایک پل“، ”آپ کیلئے“، ”عشق پرست“ اور ”ہم نشین“ شامل ہیں۔
اریج فاطمہ نے 2017ء میں ڈاکٹر عزیر علی سے شادی کی اوران کے دو بیٹے ہیں۔ اریج فاطمہ جعفری اس وقت امریکا کی ریاست اوہائیو کے ایک گاؤں ہالینڈ میں مقیم ہیں، جہاں وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ شادی کے بعد منتقل ہوگئی تھیں۔ وہ ایک متحرک ڈیجیٹل کری ایٹر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر بھی ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے 1.6 ملین فالوورز ہیں۔
DATE . Aug/11/2025