فیصل آباد ۔ 02 دسمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں معذوروں کا عالمی دن (انٹرنیشنل ڈے آف ڈس ایبلڈ پرسنز) کل( 3دسمبر بروزمنگل )بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت خصوصی افراد و بچوں کے سپیشل ایجوکیشن سنٹرز اور معذوروں کی بحالی کےلئے کام کرنے والی این جی اوز کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات، کانفرنسز، سیمینارز کا انعقاد کیاجا ئے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں میں عوامی شعور بیدار کرنے اور کسی بھی جسمانی یا ذہنی معذوری کا شکار افراد کے حقوق سے آگاہی کےلئے واکس بھی منعقد کی جائیں گی جن میں اہم شخصیات، علما، وکلا، صحافی، دانشور، سول سوسائٹی کے افراد اور سپیشل ایجوکیشن سنٹرز کے بچے بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہار کیاجائیگاکہ معذور (خصوصی) افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کےلئے تمام محب وطن افرد اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے تاکہ کسی بھی معذوری کا شکار ہونے والے افراد میں پایا جانے والا احساس کمتری ختم کر کے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔
علاوہ ازیں سرکاری وغیر سرکاری اداروں کی جانب سے کسی بھی نا گہانی صورت کے باعث معذوری کا شکار ہو نے والے افراد میں وہیل چیئر ز، ہیئر نگ ایڈز اور دیگر آلات بھی مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں 10فیصد آبادی مختلف معذوریوں کا شکار ہے جن میں 80فیصد افراد ترقی پذیر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
Date . Dec /2/2024