
نیویارک: اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے فلسطین سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے برطانیہ کی وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیرِاعظم،وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں فلسطین پر منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر برطانیہ کی سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور یوویٹ کوپر سے ملاقات کی۔ برطانوی وزیرِ خارجہ نے اجلاس کی صدارت کی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے اہم اجلاس کے انعقاد پر یوویٹ کوپر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماوٴں نے پاک-برطانیہ تعلقات کا جائزہ لیا اور اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے، بالخصوص عوامی روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماوٴں نے مکالمے، کثیرالجہتی تعاون اور اقوامِ متحدہ کے فریم ورک کے تحت موٴثر اشتراکِ عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
DATE . Feb/20/2026


