
اسلام آباد:نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے ذیلی ادارے نسٹ سکول آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام دو روزہ پہلی بین الاقوامی صحت کانفرنس 27 اور 28 مارچ 2026ء کو نسٹ ایچ۔12 کیمپس اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
کانفرنس کا موضوع ’’ڈیجیٹل دور میں صحت کی دیکھ بھال کی ازسرنو تشکیل‘‘ رکھا گیا ہے جس کا مقصد صحت کے شعبے میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو فروغ دینا اور طبی نظام کو درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہے۔
کانفرنس کے اہم موضوعات میں طبی خدمات میں معیار کی بہتری، ڈیجیٹل عہد میں طبی تعلیم کا فروغ اور ڈیجیٹل آلات کے ذریعے عالمی صحت کے اہداف کا حصول شامل ہے۔ کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی ماہرین صحت، محققین، اساتذہ اور طلبہ شرکت کریں گے اور جدید تحقیق، تجربات اور عملی ماڈلز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق کانفرنس کا مقصد صحت کے شعبے میں اختراع، تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہے تاکہ ڈیجیٹل ذرائع سے عوام کو معیاری اور موثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
DATE . Feb/21/2026


