
اسلام آباد:وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی آئی ٹی شعبے کی تعلیم و تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔یہ بات انہوں نے آئی ٹی ماہر مرحومہ ارفع کریم رندھاوا کے والدین ثمینہ امجد اور امجد کریم رندھاوا، اور ارفع کریم فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو تابندہ اسلام سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے ارفع کریم رندھاوا کی کم عمری میں آئی ٹی کے شعبے میں نمایاں خدمات اور پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ارفع کریم کی آئی ٹی شعبے میں لازوال خدمات کے اعتراف میں لاہور میں قائم آئی ٹی ٹاور کو مرحومہ کے نام سے منسوب کیا گیا، جو اب بھی ارفع کریم ٹاور کے نام سے جانا جاتا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں آئی ٹی شعبے کا مرکز بنانے کے لیے حکومت دن رات کوشاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آئی ٹی شعبے میں انٹرپرینیورشپ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ رواں برس بھی وفاقی حکومت کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کی ترقی کے لیے قائم کی گئی ارفع کریم فاؤنڈیشن کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے، جس کی حکومتی سطح پر ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔
ملاقات کے دوران ارفع کریم مرحومہ کے والدین نے وزیراعظم کی زیرِ قیادت آئی ٹی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
DATE . Jan/12/2026


