
نوشکی – ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے ضلع نوشکی کے مقامی نوجوانوں کے لیے ای-کامرس لرننگ کلاسزز کا آغاز کر دیا ہے۔
ان کلاسزز کا بنیادی مقصد مقامی نوجوانوں میں ای کامرس کی اہمیت اور اس کے مختلف پہلوؤں سے آگاہی فراہم کرنا ہے، جس میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، فری لانسنگ اور دیگر متعلقہ آن لائن شعبے شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں 100 طلباء اور 50 سے زائد مقامی عمائدین نے شرکت کی، جنہوں نے اس اقدام کو نوشکی کے نوجوانوں کے لیے ایک بہترین اور فائدہ مند سہولت قرار دیا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کلاسزز کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے اور وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
مقامی عمائدین نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور علاقے میں ڈیجیٹل کاروباری ماحول کو فروغ دینے کی اس مثبت کوشش کو بھرپور سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تعلیمی سرگرمیاں نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی طور پر خود کفیل بننے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
DATE . Apr/19/2025