
اسلام آباد:نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ہندوتوا نظریے کے حوالے سے سیمینار ہوا۔ سابق سفیر افراسیاب مہدی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بھارت آر ایس ایس کی ریاست بن چکا ہے،ہمیں آنے والی نسل کو ہندوتوا کی ذہنیت سے آگاہ کرنا ہوگا۔
سیمینار سے خطاب میں افراسیاب مہدی نے کہا کہ آر ایس ایس نظریہ بھارتی اقلیتوں کیلئے مشکلات پیدا کر رہا ہے،بھارت میں ہونے والی مذہبی تبدیلوں کو ایک مخصوص زاویے سے دیکھنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ہندو سوچ کو بہت پہلے جانچ چکے تھے گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے پیچھے کس کا ہاتھ تھا؟ ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ دو قومی نظریہ ہی پاکستان کے بنیاد کی اساس ہے،ہندوتوا اور آرایس ایس اکھنڈ بھارت کے نظریہ پر کام کر رہے ہیں۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ اکھنڈ بھارت کا نقشہ بھی ان کی پارلیمان میں آویزاں ہے،بھارت اور اسرائیل دنیا میں دو ہی ممالک ہیں جو انتہاپسندسوچ رکھتے ہیں، معرکہ حق میں دنیا نے دیکھ لیا کہ کیسے ہم نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فلم انڈسٹری خطے میں پروپیگنڈا پھیلا رہی ہے،اللہ کا فضل ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے،مشاہد حسین سید نے کہا کہ ہمیں دنیا کو ہندوتوا اور آر ایس ایس سوچ کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا ۔
DATE . Jan/28/2026
